28 جولائی ، 2020
بھارت میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو انوکھی سزائیں دی جارہی ہیں جہاں اب ایک اور عجیب و غریب واقعہ دیکھنے میں آیا ہے جس میں ماسک نہ پہننے پر پولیس نے بکری کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کان پور پولیس نے ایک بکری کو گرفتار کرلیا کیوں کہ بکری بغیر ماسک کے گھوم رہی تھی۔
جیسے ہی بکری کے مالک کو علم ہوا کہ اس کی بکری کو پولیس اٹھا کر لے گئی ہے تو وہ فوراً پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔
بکری کے مالک نے پولیس اہلکاروں سے التجا کی جس کے بعد پولیس نے آخر کار اسے بکری واپس لے جانے کی اجازت دی اور ساتھ ہی مالک کو متنبہ کیا کہ وہ جانور کو سڑک پر گھومنے نہ دے۔
اس ضمن میں انور گنج پولیس اسٹیشن کے سرکل آفیسر سیف الدین بیگ نے بتایا کہ سڑک پر ایک نوجوان بغیر ماسک کے گھوم رہا تھا جیسے ہی پولیس نے اسے پکڑنے کی کوشش کی تو وہ بھاگ گیا اور اس کے پیچھے ایک بکری تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ہم بکری اپنے ساتھ اٹھا کر لے آئے تاکہ اس نوجوان کو پکڑ سکیں، پولیس کو شبہ تھا کہ وہ بکری نوجوان کی ہوگی۔
بکری کو پولیس اسٹیشن لانے والے ایک پولیس اہلکار نے کہا کہ انہیں یہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی لگی کہ بکری بغیر ماسک کے سڑک پر گھوم رہی ہے۔
بعدازاں سوشل میڈیا پر بکری کو ماسک لگانے کے حوالے سے پولیس کا خوب مذاق بنا جس کے بعد پولیس نے اپنا بیان تبدیل کردیا۔