22 اپریل ، 2020
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے اور تمام ممالک کے عوام اپنے اپنے گھروں میں ہی محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ اب گھر میں رہ کر بے چینی اور بوریت کا شکار ہو گئے ہیں اور اب لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی سے متعلق بھی واقعات دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
بھارت میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پولیس مرغا بنا رہی ہے تو کہیں خلاف ورزی کرنے والوں سے 500 مرتبہ سوری لکھوایا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے بھارت میں ایک اور انوکھا واقعہ دیکھنےمیں آیا ہے، بھارتی ریاست مہراشٹرا کے شہر تھانے میں پولیس کی جانب سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو شرمندہ کرنے کے لیے ایک انوکھا ہی قدم اٹھایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لاک ڈاؤن کے باوجود صبح سویرے گھروں سے باہر نکلنے والے لوگوں کو شرمندہ کرنے لیے خاتون پولیس افسر کی جانب سے ان کی آرتی اتاری گئی اور ساتھ ہی دوسری پولیس افسر اس عالمی وبا میں گھروں سے باہر نکلنے سے متعلق نقصانات سے آگاہ کرتی رہیں۔
سوشل میڈیا پر پولیس کی لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کی آرتی اتارنے کی ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے اور اسے اب تک 82 ہزار لوگوں شیئربھی کر چکے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر لگائے کیے گئے لاک ڈاؤن میں 3 مئی تک کی توسیع کر دی گئی ہے۔