پاکستان
Time 28 جولائی ، 2020

پنجاب میں دکان، مالز اور بازار بند کرنے کیخلاف احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج

ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبہ پنجاب میں تاجروں نے دکانوں، مالز اور بازار بند کرنے کی حکومتی حکمت عملی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

حکومت پنجاب نے 28 سے 5 اگست تک صوبے بھرمیں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت تمام بازار اور شاپنگ مالزبند کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

حکومتی فیصلے کو تاجر تنظیموں نے مسترد کرتے ہوئے آج سے کاروبار کھولنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد صوبے میں جزوی طور پر مارکیٹیں کھلی رہیں۔

فیصل آباد میں لاک ڈاؤن کے خلاف تاجروں نے گھنٹہ گھر چوک پر احتجاج کیا اور اس دوران پولیس اور تاجر آمنے سامنے آگئے۔

پولیس نے تاجروں پر لاٹھی چارج کیا اور کئی تاجروں کو حراست میں لے لیا۔

گوجرانوالہ، حافظ آباد اورسیالکوٹ میں بھی تاجر اسمارٹ لاک ڈاؤن کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور پنجاب حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

لاہور میں بڑے بازار بند  رہے جب کہ پولیس کی جانب سے گشت کیا گیا۔

دوسری جانب تاجروں نے پنجاب حکومت سے ملاقات کے لیے وقت مانگ لیا جہاں عید الاضحیٰ کے موقع پر لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں انسدادکورونا کابینہ کمیٹی کا ایوان وزیراعلیٰ میں اجلاس ہوا تھا جس میں عیدالاضحیٰ کے لیے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے حوالے سے مختلف اقدامات کاجائزہ لیا گیا تھا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ  پنجاب بھر کی مارکیٹیں 28 جولائی سے 5 اگست تک بند رہیں گی۔

مزید خبریں :