28 جولائی ، 2020
الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی دوہری شہریت کیس کی سماعت کے لیے 4 اگست کی تاریخ مقرر کردی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فریقین نے جواب نہیں دیا تو موجودہ ریکارڈ کی بنیاد پر فیصلہ سنا دیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ 4 اگست کو فریقین خود پیش ہوں یا اپنے وکلاء کو بھیجیں۔
خیال رہے کہ فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے کے لیے قادر مندوخیل نے درخواست دائر کر رکھی ہے۔
فیصل واوڈا نے عام انتخابات میں این اے 249 سے الیکشن میں کامیابی حاصل کی تھی۔
رواں سال جنوری میں جنگ اور دی نیوز کے صحافی فخر درانی نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ فیصل واوڈا نے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت دہری شہریت کو چھپایا تھا۔
رپورٹ کے مطابق جس وقت وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے 2018ء کے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے اس وقت وہ امریکی شہری تھے اور یہ کہ ان کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرایا جانے والا حلف نامہ جعلی تھا کہ ان کے پاس غیر ملکی شہریت نہیں ہے۔
11 جون 2018ء کو کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت وہ امریکی شہری تھے۔ کاغذات کی اسکروٹنی کے وقت بھی ان کی امریکی شہریت برقرار تھی۔