2 گھنٹے تک کیمرے کے سامنے ساکن بیٹھنے والے شخص کی ویڈیو وائرل

ویڈیو اسکرین گریب

یوٹیوب پر اپنی ویڈیوز وائرل کرنے کے لیے لوگ بہت محنت کرتے ہیں اور ایسا مواد بناتے ہیں کہ ان کی ویڈیو کو زیادہ سے زیادہ لوگ دیکھیں۔

لیکن حال ہی میں انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے یوٹیوبر نے وائرل ہونے کے لیے کچھ بھی نہیں کیا اور کچھ نہ کر کے ہی مقبولیت حاصل کرلی۔

انڈونیشیا کے یوٹیوبر محد ڈڈاٹ نے اپنے یوٹیوب چینل پر 2 گھنٹے طویل ایک ایسی ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ بس کیمرے کے سامنے ساکن بیٹھے ہوئے ہیں اور کچھ بھی نہیں کر رہے۔

ان کی اس ویڈیو کو یوٹیوب پر تقریباً 15 لاکھ سے زائد صارفین کی جانب سے دیکھا گیا اور بہت سے لوگوں نے ان کی نقل بھی کرنا شروع کردی اور خود بھی گھنٹوں کچھ نہ کرنے کی ویڈیوز بنا لی۔

یوٹیوبر کا کہنا تھا میں بالکل توقع نہیں کر رہا تھا کہ میری یہ ویڈیو اس قدر وائرل ہوجائے گی، میں بس اپنے سبسکرائبرز کو لطف اندوز کرنا چاہتا تھا۔