کھیل
Time 31 جولائی ، 2020

‏قومی کھلاڑیوں کی عید کے موقع پر عوام سے کورونا احتیاطی تدابیر پر عمل کی درخواست

ہمیں غیر معمولی حالات کا سامنا ہے، اس لیے ہمیں اپنا، اپنے گھر والوں اور دوسروں کا خیال رکھنا ہے، تمام حکومتی ایس اوپیز کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے: قومی کھلاڑی— فوٹو:فائل 

‏سابق اور موجودہ کھلاڑیوں نے کورونا وائرس کے باعث عید کے موقع پر شہریوں سے محتاط رہنے کی درخواست کی ہے۔

‏لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر اور سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ بہت سی عیدیں ہم گلے مل کر اور دعوتیں کر کے منا چکے ہیں، اس عید پر احتیاط کریں اور فون پر عید کی مبارکباد دیں، سماجی فاصلے رکھیں، اسی میں سب کی بچت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید خوشی کا موقع ہے، اِس دن کو احتیاط سے منا کر خوشیاں بانٹیں، چھوٹی عید پر بڑی غلطیاں کیں، کسی نے احتیاط نہیں کی اور اس کانتیجہ ہم نے یہ دیکھا کہ کیسز بڑھ گئے، اس لیے اپنی جان اور دوسروں کو محفوظ رکھ کر عید منائیں۔

‏ٹینس اسٹار اعصام الحق نے کہا کہ عید کا موقع تو ہے لیکن ہمیں غیر معمولی حالات کا سامنا ہے، اس لیے ہمیں اپنا، اپنے گھر والوں اور دوسروں کا خیال رکھنا ہے، تمام حکومتی ایس اوپیز کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ میں گھر پر رہوں اور اپنی فیملی کے ساتھ ہی عید مناؤں، میں اپنے دوستوں سے نہیں مل رہا کیونکہ میں اپنی فیملی اور دوستوں کو مشکل وقت سے بچا کر رکھنے کی کوشش کر رہا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ اس عید کے موقع پر تمام پاکستانی ضابطہ کار کا خیال رکھیں گے۔

‏ ٹینس اسٹار عشنا سہیل کا کہنا ہے کہ یہ عید ماضی کی عیدوں کے مقابلے میں بہت مختلف ہے، میں نے اس مرتبہ عید پر شاپنگ بھی نہیں کی، میل ملاقاتوں کا سلسلہ تو ہو گا لیکن احتیاطی تدابیر اولین ترجیح ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عید سے قبل حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا کر بہت اچھا فیصلہ کیا، امید ہے کہ عید الفطر کی طرح اب حالات نہیں ہوں گے۔

پاکستان کی نمبر ون بیڈمنٹن پلیئر ماحور شہزاد کا کہنا ہے کہ یہ عید پہلے جیسی نہیں ہے، پہلے ہم عید سے تین چار روز قبل بکرے خرید کر لاتے تھے لیکن اس مرتبہ ایک روز قبل ہی لائے ہیں اور اس عید پر سب سے زیادہ دعوتوں کو مِس کروں گی۔

‏انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس نے عید کو بدل کر رکھ دیا ہے لیکن خوشی کی بات یہ ہے کہ ہم سب فیملی والے بالکل تندرست ہیں، اس لیے ہم اچھے انداز سے مل کر عید منائیں گے اور انجوئے کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے تو لاک ڈاؤن کا اچھا فیصلہ کیا،  اب لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ احتیاط کریں اور میرا سب کو یہی پیغام ہے کہ ماسک لگائیں اور ہاتھ بار بار دھوئیں۔

مزید خبریں :