لاہور میں موسلادھار بارش، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، آلائشیں پانی میں بہنے لگیں

لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث  بہتی آلائشیں، جگہ جگہ گندگی، کچرا اور پانی جمع ہونے سے شہریوں کو دوسرے روز قربانی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

عیدالاضحی کے دوسرے روز شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ صبح ساڑھے7 بجے سے ساڑھے 9 بجے تک جاری رہا  جس سے شہریوں کو قربانی کرنے میں مشکل درپیش رہی۔

بارش کے باعث جگہ جگہ گندگی اور کچرے کا ڈھیر بہنے لگا،  نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور متعدد سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں جب کہ پانی جمع ہونے سے فاروق گنج انڈر پاس تالاب بن گیا۔

 سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک بھی معطل ہوگیا جس سے شہریوں کو آنے جانے میں بھی مشکلات کا سامنا رہا۔

ادھر  شہر کے مختلف علاقوں میں صاف صفائی اور نکاسی کے کام میں انتطامیہ کی لاپرواہی دیکھی گئی۔

انتظامیہ کی لاپرواہی پر  وزیراعلیٰ پنجاب نے رپورٹ طلب کر لی

انتظامیہ کی لاپرواہی  پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے شدید  برہمی کا اظہار کیا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بارش کا پانی نکالنے کے لیے پیشگی اقدامات نہ کرنے پر رپورٹ طلب کی اور واسا حکام کو فوری نکاسی کا حکم دیا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہ کہا پانی کی نکاسی کے کام میں سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا  کہ بارش کا پانی کھڑا ہونے سے رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا ہے، متعلقہ حکام کی بے خبری افسوسناک ہے۔

بعدازاں واسا حکام نے دعویٰ کیا کہ بارش کا پانی ایک گھنٹے میں صاف کر دیا جائے گا۔

بارش کا ریکارڈ

آج لاہور کے اندرون شہر میں 63 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 71ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ لکشمی چوک پر69، فرخ آباد میں 65، ائیر پورٹ پر 50، گلشن راوی 47 اور نشتر ٹاؤن میں 42 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

مزید خبریں :