وزیر خارجہ کی زیر صدارت کشمیر پر اے پی سی، اپوزیشن جماعتوں کی بھی شرکت

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت کشمیر کی صورتحال پر وزارت خارجہ میں آل پارٹیز کانفرنس ہوئی جس میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

وزیر خارجہ نے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پوری قوم، تمام سیاسی جماعتیں، سیاسی اور عسکری قیادت کشمیر کے معاملے پر یکساں مؤقف کی حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت تک اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا جب تک انہیں ان کا جائز حق، حق خودارادیت، مل نہیں جاتا، بھارت جبر اور قید و بند کی اذیتوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہ کرسکا۔

ان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی میں کشمیری 5 اگست کے غیر آئینی، یک طرفہ بھارتی اقدامات مسترد کرچکے ہیں۔

آل پارٹیز کانفرنس کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر آئی ایس آئی نے خصوصی بریفنگ دی۔

خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو کل ایک سال مکمل ہوجائے گا جس پر پاکستان میں یوم استحصال منایا جارہا ہے۔

مزید خبریں :