05 اگست ، 2020
کراچی: کے الیکٹرک کے بن قاسم پاور پلانٹ یونٹ میں تکنیکی خرابی سے سسٹم کو 130 میگاواٹ بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں بجلی کی طلب 2700 میگاواٹ ہے اور کے الیکٹرک اپنے سسٹم سے صرف 900 میگا واٹ بجلی فراہم کر رہی ہے جب کہ نیشنل گرڈ اور آئی پی پیز سے 1020 میگا واٹ بجلی مل رہی ہے اس طرح کراچی میں بجلی کی طلب اور رسد میں فرق 780 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ سسٹم میں خرابی سے لیاری، کھارادر ، نارتھ و نیوکراچی، بفرزون اور سرجانی میں صبح 9 بجے سےبجلی بند ہے جب کہ فیڈرل بی ایریا، اسکیم 33، اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہےکہ لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں 3 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جب کہ دیگر علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ دس گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے اور رات کے اوقات میں 3 سے 5 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں مقامی فالٹس کے نام پر بجلی بندش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔