05 اگست ، 2020
یومِ استحصالِ کشمیر پر ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی ریلیاں نکالی گئیں اور اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کے سامنے دھرنا دیا گیا۔
مقبوضہ کشمیر کی عوام سے اظہار یکجہتی اور بھارتی بربریت کے خلاف پورے آزاد کشمیر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اور بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
مظفرآباد میں پاسبان حریت کی کال پر اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا گیا جس میں بچے اور خواتین بھی شریک ہوئے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیرکا حل استصواب رائے سے ہی ممکن ہے، کشمیریوں کو بنیادی حق خودارادیت دینا اقوام عالم کی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن میں یادداشت پیش کی۔
راجا فاروق حیدر کے ہمراہ ممبران اسمبلی کابینہ اور سیاسی قائدین بھی فوجی مبصر مشن پہنچے۔
اس موقع پر راجا فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر ایک سال سے بھارتی فوج کے محاصرے میں ہے،لائن آف کنٹرول پر رہنے والے کشمیریوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں،عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم نے جلد اپنی منزل سری نگر کی طرف جانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیری پاکستان سے اب سیاسی سفارتی حمایت سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات چاہتے ہیں، اب اخلاقی ، سیاسی ، سفارتی مدد سے معاملہ آگے جاچکا ہے، بھارت کے اقدامات کو روکا نہ گیا تو خطے کو درپیش خطرہ بڑھ جائے گا۔