Time 05 اگست ، 2020
پاکستان

سپریم کورٹ کی اظہاربرہمی کے باوجود ڈی جی نیب جے آئی ٹی کے سربراہ مقرر

 شوگرسبسڈی کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کی نگرانی ڈی جی نیب عرفان منگی کریں گے: اعلامیہ— فوٹو:فائل

سپریم کورٹ کی جانب سے قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) عرفان منگی کی اہلیت پر شکوک و شبہات کے باوجود انہیں شوگر سبسڈی کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کا سربراہ بنا دیا گیا۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس ہوا جس میں شوگر کمیشن کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

نیب اعلامیے کے مطابق شوگرسبسڈی کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں انویسٹی گیشن افسران، فارنزک ماہرین، فنانشنل ماہرین اور لیگل کونسل شامل ہوں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹیم میں شوگر انڈسٹری کے معاملات میں تجربہ رکھنے والے ماہرین بھی شامل ہوں گے اور اس معاملے کی تحقیقات کی نگرانی ڈی جی نیب عرفان منگی کریں گے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے خود کو نیب افسر ظاہر کرکے فراڈ کرنے والے ملزم کی درخواست پر سماعت کے دوران ڈی جی نیب عرفان منگی کی اہلیت پر سوال اٹھائے تھے۔

جسٹس قاضی فائز نے ڈی جی نیب عرفان منگی سے استفسار کیا کہ عرفان منگی صاحب آپ کی تعلیم اور تنخواہ کیا ہے، اس پر ڈی جی نیب نے بتایا کہ میں انجینیئر  ہوں اور تنخواہ 4 لاکھ 20 ہزار روپے ہے۔

جسٹس قاضی نے سوال کیا کہ کیا آپ فوجداری معاملات کا تجربہ رکھتے ہیں؟ اس پر عرفان منگی نے بتایا کہ میرا فوجداری مقدمات کا کوئی تجربہ نہیں اس پر معزز جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک انجینیئر نیب کے اتنے بڑے عہدے پر کیسے بیٹھا ہوا ہے؟

سپریم کورٹ نے ڈی جی نیب عرفان نعیم منگی کی تقرری اوراہلیت پرسوال اٹھاتے ہوئے  اٹارنی جنرل پاکستان کو نوٹس جاری کر دیا۔

عدالت نے نیب کے تمام ڈی جیز کی تقرریوں سے متعلق تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔

مزید خبریں :