Time 05 اگست ، 2020
پاکستان

تاریخ کا بڑا منصوبہ منظور ہوا، ایم ایل ون پر اسی سال کام شروع ہوگا: شیخ رشید

1861 کے ریلوے ٹریک کو کسی نے ہاتھ نہیں لگایا لیکن آج عمران خان کی حکومت اس ٹریک کو ہاتھ لگانے جا رہی ہے: وفاقی وزیر ریلوے— فوٹو:فائل

وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کراچی تا پشاور مین لائن (ایم ایل) ون منصوبے پر اسی سال کام شروع ہو گا جس سے ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روز گار  ملے گا۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ایم ایل ون منصوبہ منظور ہونے پر کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ایل ایم ون منظور ہوا ہے، یہ منصوبہ 6 ارب 80 کروڑ ڈالر لاگت کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 13 سال پہلے میں نے یہ معاہدہ چین کے ساتھ کیا تھا، یہ منصوبہ سالوں تک کھٹائی میں رکھا گیا، ایم ایل ون منصوبے کا کریڈٹ عمران خان کی حکومت کو جاتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 1861 کے ریلوے ٹریک کو کسی نے ہاتھ نہیں لگایا لیکن آج عمران خان کی حکومت اس ٹریک کو ہاتھ لگانے جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون منصوبے سے تمام ریلوے کراسنگ ختم ہوجائیں گے، اسی سال کام شروع ہوجائے گا اور ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روز گار ملے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے سے لاہور سے کراچی کا سفر 7 گھنٹے تک کا ہوگا جب کہ راولپنڈی سے لاہور کا سفر ڈھائی گھنٹے کا ہوگا اور ملتان سے لاہور کا سفر دو گھنٹے کا رہ جائے گا۔

خیال رہے کہ قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) نے آج ریلوے کے انقلابی ایم ایل ون منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ 

مزید خبریں :