06 اگست ، 2020
وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر میں ایس او پیز کے تحت ریسٹورنٹ ،کیفیز، تھیٹرز اور سینما ہالز 10 اگست سے کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
سیاحتی مقامات کو کل سے کھول دیا جائے گا، مزارات، بزنس سینٹر، ایکسپو سینٹرز بھی 10 اگست سے کھولنے کی اجازت دی جارہی ہے ۔
اجلاس کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بریفنگ میں بتایا کہ شادی ہالز اور تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولے جا سکیں گے۔
وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بتایا کہ تعلیمی ادارےکھولنےسےمتعلق حتمی فیصلہ 7ستمبرکوہوگا، ریسٹورنٹ،کیفیز کو 10 اگست کوکھول دیا جائے گا اور اس حوالے سے 2 روز میں ایس او پیز فائنل ہوجائیں گی۔
اسدعمر نے بتایا کہ سیاحتی مقامات پر ہوٹلز کو 8 اگست کو کھول دیاجائے گا، پبلک پوائنٹس، سنیماز اور تھیٹرز کو پیر 10 اگست سےکھول دیاجائےگا، تماشائیوں کے بغیر کھیل کی اجازت ہوگی، 10 اگست سے جِمز کو بھی کھولنے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں کھڑے ہوکر سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، 15ستمبر تک میرج ہالز بھی کھولے جاسکتے ہیں، بیوٹی پارلز، ایکسپو سینٹرز، مزارات کو بھی کھولنے کی اجازت دی جارہی ہے۔
موٹرسائیکل کی ڈبل سواری کی بھی اجازت دی جارہی ہے، اسد عمر
اسدعمر نے کہا کہ مزارات میں بڑے اجتماعات میں ایس او پیز کا خیال رکھناہوگا اور انتظامیہ سےاجازت لینی ہوگی، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری کی بھی اجازت دی جارہی ہے، ٹرین اور جہاز میں مسافروں سےمتعلق پابندیاں ستمبر تک جاری رہیں گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یکم اکتوبر سے جہاز میں مسافر نارمل انداز میں سفرکرسکیں گے، عوام کے تعاون سے صورتحال قابو میں آئی، عوام کے رویوں میں تبدیلی نظر آئی تو یہی صورتحال تبدیل ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام سے متعلق علمائےکرام کے ساتھ ایس او پیز بنائی جاچکی ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ جو سیکٹرز بھی کھولے جا رہے ہیں وہ مکمل ایس او پیز کے تحت کھولے جائیں گے، دکانیں کھولنے کے اوقات کار کو بھی معمول کے مطابق لانے کا فیصلہ کیا جا رہا تھا
خیال رہے کہ رواں برس مارچ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا تاہم اب کیسز میں کمی کے بعد بتدریج مختلف شعبوں کو کھولا جارہا ہے۔
آج ہونے والے فیصلے کے بعد تعلیمی ادارے اور شادی ہالز کے علاوہ تقریباً تمام شعبوں کو کام کرنے کی اجازت دی جاچکی ہے۔