سعودی عرب سے متعلق وزیر خارجہ کا بیان غیرذمہ دارانہ ہے، معذرت کی جائے، شہباز

مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے سعودی عرب سے متعلق بیان کو غیرذمہ دارانہ قراردے دیا۔

اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  پاکستان کے ہمیشہ کے دوست ملک سعودی عرب کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ بیان افسوسناک، قابل مذمت اور قومی وملی مفادات کے منافی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک اور باہمی اعتماد پر مبنی تاریخی برادرانہ تعلقات استوار ہیں، سعودی عرب نے جوہری دھماکوں سمیت پاکستان کو درپیش مشکل اور آزمائش کے ہر مرحلے پرپاکستان اور اس کے قومی مفادات میں ساتھ دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ موجودہ حکومت کے ربط و تعلق اور انداز بیان پر قوم کو تشویش ہے، برادر اسلامی ملک کے بارے میں میڈیا پر بیان غیر ذمہ داری کی انتہا اور بڑی سفارتی حماقت ہے، یہ رویہ امت مسلمہ کے اتحاد، ملی مفادات اور پاکستان کے کلیدی مفادات کے منافی ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے موجودہ حکومت اپنی عاقبت نااندیشی سے پاکستان کو خارجہ میدان میں تنہائی کا شکار کر رہی ہے اور خارجہ محاذ پر نازک معاملات کو اپنی حماقت یا پھر کسی دانستہ ایجنڈے کے تحت زک پہنچا رہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سعودی عرب سے معذرت کی جائے اور معاملات کو خوش اسلوبی، دانائی اور احسن انداز سے ڈیل کیا جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ اگرکشمیر پر او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس نہ بلایا گیا تو پاکستان مظلوم کشمیریوں کی مدد پرآمادہ دوست ممالک کا اجلاس بلانے پر مجبور ہو جائے گا۔

مزید خبریں :