Time 08 اگست ، 2020
دنیا

ائیر انڈیا حادثہ: طیارے کا بلیک باکس مل گیا، ہلاکتیں 19 ہوگئیں

فوٹو: سوشل میڈیا

بھارتی ریاست کیرالا میں حادثے کا شکار ہونے والے ائیر انڈیا کے طیارے کا بلیک باکس مل گیا جب کہ حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 19 ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 22 افراد کو طبی امداد کے بعد مختلف اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے جب کہ 100 افراد زخمی ہیں جن میں سے 15 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

بھارتی میڈیا نے حادثے میں اب تک 19 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جن میں پائلٹ کیپٹن دیپک اور معاون پائلٹ اکھلیش کمار بھی شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے کا ڈیجیٹل فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر، کاک پٹ وائس ریکارڈر اور بلیک باکس ملبے سے نکال لیا گیا ہے جن کی مدد سے حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار 4 کیبن کریو ممبر محفوظ رہے اور انہیں معمولی چوٹیں آئیں جنہیں مقامی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں سے 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق بھی ہوئی ہے جس کے بعد ریسکیو سرگرمیوں میں حصہ لینے والے اہلکاروں کے بھی ٹیسٹ کرائے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کا مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہوا، ائیرانڈیا کی دبئی سے آنے والی پرواز میں عملے کے ارکان سمیت 191 مسافر سوار تھے، طیارہ لینڈنگ کے دوران کیرالہ کے کالی کٹ ائیرپورٹ پر پھسل گیا، مسافر طیارہ رن وے سے پھسل کر 35 فٹ نیچے وادی میں گرکر دو ٹکڑے ہوگیا۔

مزید خبریں :