پاکستان

کراچی میں آوارہ کتے نے دو سالہ بچے کو بھبھوڑ ڈالا

کتے کے کاٹنے سے دو سالہ بچے کی آنکھ شدید متاثر ہوئی تاہم ڈاکٹرز نے آپریشن کر کے آنکھ ضائع ہونے سے بچا لی۔ فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے کورنگی میں آوارہ کتے کے حملے میں دو سالہ بچے سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔

کورنگی گلزار کالونی میں ایک آوارہ کتے نے گلی میں کھیلتے ہوئے دو سالہ بچے پر حملہ کر کے اسے بھنبھوڑ ڈالا، تاہم رفاعی اسپتال کے ڈاکٹرز نے فوری آپریشن کرکے بچے کی آنکھ بچالی۔

علاقہ مکینوں کے مطابق واقعہ کورنگی کی گلزار کالونی کے ایف ایریا میں پیش آیا جہاں محنت کش عمر جان کا دو سالہ بچہ کلیم اللہ گلی میں کھیل رہا تھا کہ آوارہ کتے نے اچانک اس پر حملہ کر دیا۔

مکینوں کے مطابق کتے نے بچے کا چہرہ نوچ ڈالا، کتے کے پے درپے حملوں کی زد میں آئے بچے کو ایک علاقہ مکین نے بچانے کی کوشش کی تو خونخوار کتے نے اسے بھی کاٹ لیا۔

عینی شاہدین کے مطابق فرار ہونے کے دوران کتے نے ایک بچی پر حملہ کر کے اسے بھی زخمی کر دیا۔

کتے کے حملے سے دو سالہ کلیم اللہ کی ایک آنکھ شدید زخمی ہوئی اور آنکھ کے ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔

اہل خانہ نے اپنے طور پر کورنگی میں واقع نجی اسپتال لے جا کر مرہم پٹی کرائی مگر بچے کی آنکھ خراب ہو رہی تھی۔

دو سالہ کلیم اللہ کی بری حالت میں زخمی ہونے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو درد دل رکھنے والے کچھ افراد نے اپنے طور پر اس کی مدد کی۔

تصویر کے ساتھ بچے کے والد کی اپیل پر کراچی کے کچھ درد دل رکھنے والے افراد فوری حرکت میں آئے اور بچے کے والد کو ایل آر بی ٹی اسپتال آنے کا کہا گیا مگر اس کے پاس رکشے کا بھی کرایہ نہیں تھا۔

اسپتال پہنچنے پر ایک نوجوان نے رکشے کا کرایہ ادا کیا اور ڈاکٹرز نے بچے کو فوری طبی امداد دی۔

ڈاکٹر نے بچے کی آنکھ کا آپریشن کیا اور اسے محفوظ قرار دے کر بچے کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا۔

بچے کو مزید طبی معائنے کے لیے پیر کو اسپتال کی او پی ڈی میں بلوایا گیا ہے۔

مزید خبریں :