Time 08 اگست ، 2020
کھیل

مانچسٹر ٹیسٹ میں شکست کی ذمہ داری لینے کو تیار ہوں، اظہر علی

ہم بڑا اسکور بناسکتے تھے تاہم 277 کا ہدف بھی کافی تھا،اظہر علی،فوٹو:فائل

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ مانچسٹر ٹیسٹ میں شکست کی ذمہ داری لینے کے لیے تیار ہوں، ووکس اور بٹلر کی پارٹنر شپ ہم سے میچ دور لےگئی۔

مانچسٹر ٹیسٹ میں شکست کے بعد  آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر علی کا کہنا تھا کہ فتح کا کریڈٹ کرس ووکس اور بٹلر کی شراکت کو دینا ہوگا، ایسی اننگز بہت کم دیکھنے کو ملتی ہے۔

 اظہر علی کا کہنا تھا کہ  تیسری اننگز میں بھی بیٹنگ آسان نہ تھی لیکن ہم بڑا اسکور بناسکتے تھے تاہم 277 کا ہدف بھی کافی تھا،میچ میں زیادہ ہمارا پلڑا بھاری رہا، لیکن ایک پارٹنر شپ ہم سے میچ دور لےگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ بٹلر نے اٹیک کیا جو ٹیم کے لیے فائدہ مند رہا، قسمت نے بھی انگلینڈ کا ساتھ دیا، کپتانی دیکھنے میں آسان لگتی ہے، ہمیشہ کپتان پرالزام نہیں لگانا چاہیے، جہاں تک ذمہ داری کی بات ہے میں لینے کے لیے تیار ہوں۔

کپتان قومی ٹیم کا کہنا تھا کہ 10 سال کرکٹ کھیلنے کے بعد اب اتنا ضرور پتا چل گیا کہ کرنا کیا ہے، میں ٹیم سلیکشن کے بارے میں کچھ نہیں کہوں گا، یہی ٹیم کل تک ہمارے حق میں تھی،میرا فوکس اس سیریز پر ہے،سوشل میڈیا کو چھوڑ دیں اس پر بہت کچھ آتا ہے، ہمیں اتنا ٹارگٹ دینے کے بعد جیتا چاہیے تھا۔

دوسری اننگز میں بہتر بیٹنگ کرتے تو صورت حال مختلف ہوتی، مصباح

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ہم دوسری اننگز میں بہتر بیٹنگ کرتے تو صورت حال مختلف ہوتی، اگر 300 پلس کی لیڈ ہوتی تو بہتر ہوتا۔

 مصباح الحق کا کہنا تھا کہ  انگلینڈ نے زبردست بیٹنگ کی اور ہمیں میچ سے باہر کردیا، ٹیم میں کم بیک کی صلاحیت ہے، ہم اس سے بہتر کھیل سکتے ہیں۔

ابھی غلطیاں ہوئیں ان کو آئندہ میچز میں بہتر کریں گے، جوئے روٹ

دوسری جانب پریس کانفرنس میں میزبان ٹیم کے کپتان جوئے روٹ کا کہنا تھا کہ جوز بٹلر نے ذہنی پختگی کا مظاہرہ کیا، اس میچ میں جوغلطیاں ہوئیں ان کو آئندہ میچز میں بہتر کریں گے۔

مین آف دی میچ  ایوارڈ حاصل کرنے والے کرس ووکس کا کہنا تھا کہ اپنی پرفارمنس سے خوش ہوں، امید ہے یہ پرفارمنس جاری رہے گی۔

 خیال رہے کہ میزبان انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں سے باآسانی شکست  دی ہے اور میچ کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہوگیا ہے۔

مانچسٹر ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 169 رنز پر ڈھیر ہوئی جس کے بعد انگلینڈ کو جیت کیلئے 277 رنز کا ہدف ملاتھا جو اس نے 7 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔

انگلینڈ کو پاکستان کیخلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :