09 اگست ، 2020
مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستان کی شکست پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کپتان اظہر علی پر شدید تنقید کی ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستانی ٹیم ایک اچھے موقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکی، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن ہمارے کپتان نے جیت کا موقع کھو دیا۔
سابق فاسٹ بولر نے اظہر علی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کپتان کو کئی مواقع ملے لیکن انہوں نے فائدہ ہی نہیں اٹھایا، ہم کاؤنٹی بولرز نہیں ہیں جو آئیں اور سارا دن لائن اینڈ لینتھ پر بولنگ کریں۔
خیال رہے کہ میزبان انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں سے باآسانی شکست دی اور میچ کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہو گیا۔
مانچسٹر ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 169 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی جس کے بعد انگلینڈ کو جیت کے لیے 277 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 7 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔
انگلینڈ کو پاکستان کیخلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔