Time 10 اگست ، 2020
پاکستان

گیس پائپ لائنوں کی مرمت میں تاخیر، مستونگ، پشین اور زیارت میں گیس منقطع

بولان میں سیلابی ریلے کے باعث متاثر ہونے والے  2 گیس پائپ لائنوں کی مرمت کا کام 27 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی شروع نہیں ہو سکا جس کے باعث مستونگ، پشین اور زیارت کو سوئی گیس کی فراہمی تاحال منقطع ہے۔

ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کوئٹہ کے مطابق ضلع بولان کے علاقے بی بی نانی میں متاثرہ دونوں گیس پائپ لائنوں کی مرمت کا کام ابھی تک شروع نہیں ہو سکا ہے اور صوبے کے اضلاع مستونگ، پشین اور زیارت کو سوئی گیس کی فراہمی منقطع ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ میں گیس کا پریشر انتہائی کم ہے جس کے باعث گھریلو اور کمرشل صارفین کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے۔

ترجمان کے مطابق بولان میں سیلابی ریلے اور زمینی رابطہ منقطع ہونے کے باعث مرمت کا کام شروع کرنے میں تاخیر ہورہی ہے، علاقے میں صورتحال بہتر ہونے پر پائپ لائنز کی مرمت کا کام شروع کیا جائےگا۔

خیال رہے کہ ہفتے کی شام ضلع بولان کے علاقے بی بی نانی میں سیلابی ریلے سے سوئی گیس کی 24 اور  12 انچ قطر کی 2 پائپ لائنز بہہ گئی تھیں، طوفانی بارشوں نے بلوچستان میں تباہی مچادی ہے اور سیلابی ریلوں میں 4 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب مستونگ، خضدار، ہرنائی، نوشکی، لورا لائی، ڈھاڈر میں سیلابی ریلوں میں متعدد مویشی بہہ گئے، کچے گھروں کی دیواریں گرگئیں، کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا جب کہ قومی شاہراہوں پر جگہ جگہ آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :