بلٹ پروف شیشہ پتھر سے نہیں ٹوٹ سکتا، یہ مجھے سخت نقصان پہنچانے کی کوشش تھی'

پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ انہیں نقصان پہنچانے کے لیے گھر سے بلایا گیا، بیریئر کے پیچھے سے ان کی گاڑی پر پتھراؤ کیا گیا، بلٹ پروف گاڑی نہ ہوتی تو انہیں بہت نقصان ہوتا۔

مریم نواز  نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پر امن نہتے کارکنوں پر پتھر برسائے گئے، قومی احتساب بیورو (نیب) نے انہیں مضحکہ خیز نوٹس بھیجا،،نوٹس میں ان پر ایک الزام نہیں تھا،ان پر نیب کا یہ تیسرا کیس ہے، پہلا اور دوسرا نیب کیس ختم ہوگیا، تیسرے کیس کا بھی یہی انجام ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ نیب دفترکےباہرڈیڑھ گھنٹہ کھڑی رہیں لیکن نیب حکام اندر چھپے رہے، سوال وہ کرتا ہے جس کا کوئی کردارہو،  سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز کے فیصلے اور ریمارکس نےنیب کےکردارپرمہرلگادی، رہی سہی کسر ہیومن رائٹس کی رپورٹ نے پوری کردی۔

مریم نے مزید کہا کہ ایسی نیب کےسامنے پیش نہ ہونا شاید قانون کی زیادہ پاسداری ہے، نیب کا اصول یہ ہے کہ ناانصافی صرف ہونی نہیں چاہیے، بلکہ ہوتی ہوئی نظر بھی آنی چاہیے، دہشتگردی صرف ہونی نہیں چاہیے،ہوتی ہوئی نظربھی آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آج نیب کی دہشتگردی دنیا نے دیکھ لی، پولیس کی وردی میں اہلکاروں نے گاڑی پر پتھراؤ کیا،بلٹ پروف ہونے کے باوجود ونڈاسکرین ٹوٹ گئی۔

مریم کا کہنا ہے کہ 'سب کا یہی کہنا ہے کہ پتھر سے بلٹ پروف شیشہ نہیں ٹوٹ سکتا، یہ واضح طور پر مجھے سخت نقصان پہنچانے کی کوشش تھی'۔

مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ کے ہزاروں کارکن پرامن تھے، ن لیگ نے کبھی بول کر تو کبھی خاموش رہ کران کو ایکسپوز کیا، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان قیادت کی مشاورت سے کیاجائےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج میں نے ریاستی جبر کا سامنا کیا، پہلی بار دیکھا کہ پتھراؤ، شیلنگ میں کارکن کھڑا رہا، مجھے پتا ہی نہیں تھا کہ نیب لاہور کی طرف عوام کا سمندر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی نیب کے سامنے پیش نہ ہونا قانون کی پاسداری ہو گی، نیب کو اب جواب دینا ہو گا کہ ٹیکس پیئرز کا پیسہ سیاسی انجینئرنگ میں استعمال کیا، نیب کا گھاؤنا کردار ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومت کو پہلے آنے کا شوق تھا، اب جانے کا خوف ہے، حکومت کو 6 ماہ کی مہلت ملی ہے، ہم نے ان کی زبانوں سے سنا ہے، سروے ہورہے ہیں جس میں مسلم لیگ ن کا گراف بہت بڑھ گیا ہے، آج نیب کی دہشتگردی پوری دنیا نے دیکھ لی ہے، انہوں نے ہر حربہ استعمال کرکے دیکھ لیا لیکن ن لیگ کا گراف کم نہیں ہوا۔

مریم نواز نےکہا ہے کہ حکومت اتنا ظلم کرچکی کہ اب اسے اپنےانجام سےخوف آتا ہے، مسلم لیگ ن نے توبہت سہہ لیا اب آپ کا کیا ہوگا، حکومت کی ترجیح میں پہلے نمبرپر بھی نوازشریف ہے اور آخری نمبرپربھی، آپ کی حکومت چھ مہینوں کی مہلت پربیساکھیوں پرچل رہی ہے، انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب نوازشریف کی قیادت میں ان نالائقوں سےچھٹکارا ملے گا۔

ایک سوال کےجواب میں مریم نے کہا کہ نوازشریف خاموش نہیں، انہوں نےاپنے حصے کاکام کردیا، میاں صاحب نے وہ قربانیاں دی ہیں جو 72 سال میں کسی سیاستدان نے نہیں دی، وہ اپنے بیانیے کی قیمت چارسال سےادا کررہے ہیں لیکن پیچھے نہیں ہٹے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کا ایک ہی بیانیہ ہے 'ووٹ کوعزت دو'، ہمیں زندہ لیڈرز چاہیے،  لیڈرز کی لاشیں نہیں چاہیے۔

خیال رہے کہ نیب نے آج مریم نواز کو پراپرٹی کیس میں طلب کیا تھا تاہم نیب لاہور کے باہر  پتھراؤ، لاٹھی چارج، نعرے، شیلنگ اور بد نظمی  کی وجہ سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بیان ریکارڈ نہ کراسکیں اور نیب نے انہیں واپس جانے کا کہہ دیا۔

مزید خبریں :