12 اگست ، 2020
بالی وڈ میں 'سنجو بابا' کے نام سے پہچانے جانے والے بھارتی اداکارسنجے دت پھیپھڑوں کے کینسرمیں مبتلا ہوگئے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل سنجے دت کو سانس لینے میں تکلیف کے باعث ممبئی کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں سے وہ ایک روز بعد گھر منتقل ہوگئے تھےاور ان کا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آیا تھا۔
بالی وڈ انڈسٹری میں منا بھائی اور سنجو بابا کے نام سے معروف 61 سالہ اداکار نے کچھ دیر قبل ٹوئٹر پر پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ علاج کی وجہ سے کچھ وقت کے لیے وقفہ لے رہے ہیں۔
سنجے دت کا کہنا تھا کہ 'میرے دوست اور گھر والے میرے ساتھ ہیں ، میری اپنے چاہنے والوں سے درخواست ہے کہ وہ پریشان مت ہوں اور غیر ضروری قیاس آرائیوں سے دور رہیں'۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ' آپ لوگوں کے پیار اور نیک تمناؤں کی بدولت میں جلد واپس آجاؤں گا'۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکار سنجے دت کو پھیپھڑوں کا کینسر تشخیص ہوا ہے جس کا علاج وہ امریکا سے کروائیں گے اور وہ فوری طور پر امریکا روانہ ہورہے ہیں۔
سنجے دت کے ایک قریبی دوست کے مطابق کینسر ابھی قابل علاج ہے تاہم اس کے لیے فوری علاج شروع کرنا ہوگا۔
بالی وڈ فلموں پر تبصرے کرنے والے کومل نیہتا نے تصدیق کی کہ سنجے دت کو پھیپھڑوں کا سرطان ہے اور وہ جلد امریکا روانہ ہورہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سنجے دت کو یہ خبر سن کر شدید دھچکا لگا اور وہ اپنے چھوٹے بچوں کیلئے کافی فکر مند ہیں جو اس وقت اپنی والدہ کے ساتھ دبئی میں ہیں۔
ممبئی کے لیلاوتی اسپتال کے ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بھارتی اخبار کو بتایا کہ سنجے دت کو اسٹیج 4 کا پھیپھڑوں کا کینسر ہے۔