12 اگست ، 2020
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کراچی کی مرکزی شاہراؤں پر یوم آزادی کے بڑے بڑے سائن بورڈز پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نالوں پر قائم تجاوزات سے متعلق سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں ہوئی۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے کراچی کی شاہراؤں پر بڑے بڑے سائن بورڈز پر بھی کمشنر کراچی کی سرزنش کی۔
چیف جسٹس نے شارع فیصل پر یوم آزادی سے متعلق بڑے سائن بورڈز پر برہمی کا اظہار کیا۔
جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ سائن بورڈ سرکاری ہیں اور ان پر قائد اعظمؒ کے اقوال لکھے ہوئے ہیں، کیا قائد اعظمؒ کی باتیں بتانے کا یہی طریقہ رہ گیا ہے۔
سپریم کورٹ نے کمشنر کراچی کو کراچی کی تمام سڑکوں سے سرکاری اور غیر سرکاری تمام سائن بورڈز ہٹانے کا حکم دے دیا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بھی چیف جسٹس نے پورے کراچی شہر سے تمام سائن اور بل بورڈز ہٹانے کا حکم دیا تھا۔