سشانت کی خودکشی اور اقربا پروری پر بحث، عالیہ کی فلم کا ٹریلر ناپسندیدہ قرار

بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد بالی وڈ میں اقربا پروری پر بحث کا سلسلہ جاری ہے— فوٹو:فائل

بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ کی خودکشی اور اقربا پروری پر بحث نے سنجے دت، عالیہ بھٹ اور آدتیہ رائے کپور کی فلم ’سڑک 2‘ کے ٹریلر کو 38 لاکھ سے زائد ڈس لائک والی ویڈیو بنا دیا۔ 

بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد اب تک بھارت میں بالی وڈ میں اقربا پروری پر بحث کا سلسلہ جاری ہے۔

سی بی آئی، ممبئی پولیس اور بہار کی پولیس سشانت کی خودکشی کے معاملے پر تحقیقات کررہے ہیں لیکن بھارتی فلم نگری میں جاری اقربا پروری پرشدید غصہ سوشل میڈیا صارفین نے عالیہ بھٹ کی نئی آنے والی فلم ’سڑک 2‘ کے ٹریلر پر نکالا ہے۔

1991 میں سنجے دت اور پوجا بھٹ کی فلم ’سڑک‘ کے سیکوئل میں بھی سنجے دت، عالیہ بھٹ اور آدتیہ رائے کپور مرکزی کرداروں میں شامل ہیں جب کہ اس فلم کی ہدایت کاری کے فرائض عالیہ کے والد مہیش بھٹ نے سرانجام دیے اور فلم کو پروڈیوس ان کے چچا مکیش بھٹ نے کیا ہے۔

اس فلم میں بھی فلمی گھرانوں کے چشم و چراغ مرکزی کرداروں میں ہیں جس پر فلم کا ٹریلر یو ٹیوب پر آتے ہی ناپسند کیا جارہا ہے۔

فلم ’سڑک 2‘ کے ٹریلر کو اب تک 91 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا ہے اور اسے 38 لاکھ افراد نے ناپسند (ڈس لائک) کیا ہے جب کہ 2 لاکھ لوگوں نے ٹریلر پر پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

— فوٹو: اسکرین گریب 

فلم کو یوٹیوب پر 95 فیصد افراد نے ناپسند کیا ہے اور یہ اب تک کی دنیا بھر میں ناپسند کی جانے  ویڈیوز میں 14 ویں نمبر پر آگئی ہے۔

اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر فلم کے بائیکاٹ کی بھی مہم شروع کردی گئی ہے جس کے بعد ایک بار پھر اقربا پروری پر بحث نے جنم لے لیا ہے۔

کورونا کے باعث فلم ’سڑک 2‘ سنیما گھروں میں ریلیز نہیں کی جائے بلکہ ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر ریلیز کی جائے گی۔

خیال رہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں اقرباء پروری پر آواز بلند کرنے والی نڈر اداکارہ کنگنا رناوت نے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کی وجہ فلم انڈسٹری میں ہونے والی اقرباء پروری کو قرار دے دیا تھا اور اسٹار کڈز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مزید خبریں :