13 اگست ، 2020
ملک کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد کی گلیوں میں گٹر ابلنے لگے جس نے شہریوں کا جینا محال کر دیا۔
فیصل آباد کے شہری علاقوں کی گلیاں کئی ماہ سے سیوریج کے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بدبودار پانی کی وجہ بچے اور بوڑھے گھروں میں قید ہیں جب کہ گندگی کی وجہ سے مہمانوں نے گھروں میں آنا بھی چھوڑ دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سیوریج نظام ٹھیک کرنے کوئی آتا نہیں، علاقہ اتنا پریشان ہے کوئی کسی کو مہمان بھی نہیں بلوا سکتا ہے اور اگر کوئی مہمان آنا چاہے وہ بھی گندگی کی وجہ سے نہیں آسکتا۔
ایک شہری کا بتانا ہے کہ سیوریج کا مسئلہ کافی عرصے سے چل رہا ہے، ہمارے گھروں میں رات میں اتنا پانی جمع ہو جاتا ہے کہ بدبو آنا شروع ہو جاتی ہے، بدبو کی وجہ سے نیند نہیں آتی اور گندگی کی وجہ سے بچے بیمار بھی ہو جاتے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ان مشکل حالات میں منتخب نمائندے بھی غائب ہو گئے ہیں۔
بدبو اور تعفن سے تنگ شہریوں نے ابلتے گٹروں پر مفرور ارکان اسمبلی کی تصاویر لگا دیں۔
چیئرمین واسا کا کہنا ہے کہ سمن آباد کے علاقے میں سوریج کے مرکزی لائن بند ہونے کی وجہ سے کئی علاقوں کی گلیوں میں پانی کھڑا ہونے کی شکایات ہیں، اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے واسا کی ٹیمیں کام کر رہی ہیں، جلد اس مسلے کو حل کر لیا جائے گا۔