14 اگست ، 2020
لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان میں مبینہ رقص کے معاملے پر اداکارہ صبا قمر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
اداکارہ صبا قمر کے خلاف مقدمہ تھانا اکبری گیٹ میں وکیل فرحت منظور کی درخواست پر درج کیا گیا ہے۔
مقدمہ دفعہ 295 کے تحت درج کیا گیا ہے، جس میں صبا قمر کے ساتھی اداکار بلال سعید کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید نے مسجد کا تقدس پامال کیا لہذا ان دونوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل اداکارہ صبا قمر اور اداکار بلال سعید کے البم کے ایک گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دونوں فنکار لاہور کی مسجد وزیر خان میں موجود تھے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی دونوں فنکاروں کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور دونوں کی جانب سے معاملے پر معافی بھی مانگی گئی تھی جب کہ محکمہ اوقاف نے مسجد میں گانے کی شوٹنگ کی اجازت دینے پر مسجد کے مینیجر کو معطل کر دیا تھا۔