14 اگست ، 2020
جیسے جیسے ٹیکنالوجی ترقی کرتی جا رہی ہے ویسے ہی لوگوں میں سستی کا رجحان بھی بڑھتا جا رہا ہے، اکثر ہمیں اپنا فون چارجنگ پر لگانے میں بھی کوفت آتی ہے، لیکن اب سائنس اور ٹیکنالوجی نے اس کا حل بھی دریافت کر لیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حال ہی میں ایک ایسا فون کیس (کوور) تیار کیا گیا ہے جو کہ رینگ کر آپ کے فون کو وائر لیس چارجر کے پاس چارجنگ پر لگا دیتا ہے۔
اس فون کوور کا نام 'کیس کرالر' ہے جسے آپ اپنے فون پر چڑہا دیتے ہیں اور اس کی پشت پر چھوٹے چھوٹے روبوٹک پاؤں موجود ہیں جس کی مدد سے یہ رینگ کر فون کو چارجر تک پہنچا دیتا ہے۔
اس کوور کو سوئل نیشنل یونیورسٹی (ایس این یو) کے سائنسدانوں کی جانب سے بنایا گیا ہے، اس فون کوور میں لگے روبوٹک پاؤں ناصرف رینگنے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ یہ آس پاس موجود چھوٹی موٹی چیزوں کو پھلانگ بھی سکتے ہیں۔
یہ جیسے ہی یہ آپ کے فون کو چارجر تک پہنچاتا ہے تو اس کے پشت پر موجود پاؤں اندر ہو جاتے ہیں اور پھر یہ بلکل عام فون کوور کی طرح دکھنے لگتا ہے۔
یہ فون کوور 300 گرام تک وزنی فون کو اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔