وفاقی حکومت کا ستمبر سے بزرگوں کو گھرپر پنشن پہنچانے کا اعلان

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز  پاکستانیز  زلفی بخاری نے اعلان کیا ہے کہ پہلی ستمبر سے بزرگوں کو گھر پر پنشن پہنچائی جائے گی اور  نجی بینک میں پنشن براہ راست آئے گی۔

کھیوڑہ میں ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کے دفتر کی افتتاحی تقریب ہوئی جس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانیز زلفی بخاری نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ دو سال کے اندر پنشن ساڑھے 8 ہزارروپے کردی، ہم دوسری حکومتوں کی طرح نہیں جو وعدہ کرکے بھول جائیں گے، پہلی ستمبرسے بزرگوں کوگھرپرجاکرپنشن دیں گے اور نجی بینک میں آپ کی پنشن براہ راست آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنشن پرآپ کو کریڈٹ کارڈ ملے گا، قرض کی سہولت ملے گی۔

زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ای او بی آئی کو ڈیجیٹلائز کررہے ہیں، پچھلے تین مہینوں میں ہم نے 30 ارب روپے جمع کیے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ای او بی آئی کی سمری وزارت قانون کو بھیجی ہے، ہروہ شخص جوکام کرتا ہے، ای او بی آئی کا حقدار ہوگا جس میں فری لانس جرنلسٹ، کھیتوں میں کام کرنے والی خواتین بھی شامل ہوں گی، اس کے علاوہ آپ خود کو ای او بی آئی میں رجسٹرڈ کرسکیں گے۔

تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی پالیسی میں مزدور اور غریب شامل ہوتے ہیں، ہم نےالیکشن میں جو وعدے کیے تھے، وہ پورےکیے، عمران خان کے مقابلےکا کوئی لیڈر نہیں۔

مزید خبریں :