Time 17 جولائی ، 2020
پاکستان

ای او بی آئی پنشنرز کیلئے عید سے قبل خوشخبری

ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) پنشنرز کیلئے خوشخبری ہے کہ انہیں عید سے پہلے پنشن اور 3 ماہ کے واجبات کی مد میں 14 ہزار 500 روپے ادا کیے جائیں گے۔

چیئرمین ای او بی آئی اظہر حمید کی قیادت میں ادارہ پنشنرز کی سہولیات بھی بڑھا رہا ہے۔ نمائندہ جیو سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر حمید نے بتایا کہ پنشنرز کیلئے خوشخبری ہے کہ انہیں عید سے پہلے ایک پنشن اور واجبات ادا ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ عید سے پہلے 8500 پنشن اور 6000 روپے واجبات کی مد میں ادا کیے جائیں گے۔

چیئرمین ای او بی آئی نے مزید کہا کہ یکم ستمبر سے ای او بی آئی پنشنرز  یوٹیلٹی اسٹور سے 10 فیصد رعایت پر آٹا، چینی، چاول ، گھی اور دالیں خرید سکیں گے۔

اظہر حمید نے بتایا کہ  پنشن گھر پہنچانے اور  پنشنرز انشورنس پرکام ہورہا ہے، ای او بی آئی کی ڈیجیٹلائزیشن دو سال میں مکمل ہوگی، ڈیجیٹلائزیشن پر 50 کروڑ روپے کے اخراجات کا تخمینہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرینا ہوٹل ، اوآئی سی ٹاور، آئی ایٹ اور جوہر ٹاؤن لاہور کے منصوبے فعال کررہے ہیں، چار منصوبوں سے تین سے چار ارب رینٹل آمدنی ہوگی، ایمپلائرز اور ایمپلائیز کا حصہ ایک ایک فیصد بڑھانے کی تجویز ہے، ایمپلائرز اور ایمپلائیز کی مجموعی شراکت 8 فیصد ہوجانے سے 36 ارب روپے حاصل ہوں گے،  پارلیمنٹ کی منظوری یا صدارتی آرڈینس کے ذریعے اس کا اطلاق ہوگا۔

اظہر حمید نے کہا کہ توجہ ادارے کو مضبوط بنانے پر ہے، ادارہ مضبوط ہوگا تو نتائج نظرآئیں گے۔

مزید خبریں :