Time 16 اگست ، 2020
پاکستان

امارات نے اسرائیل سے معاہدہ کرکے فلسطینی کاز کو نقصان پہنچایا: سراج الحق

 پورا پاکستان اہل فلسطین کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے،سراج الحق،فوٹو:فائل

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اسرائیل سے معاہدہ کر کے فلسطینی کاز کو نقصان پہنچایا ہے۔

راولپنڈی میں تحفظ بیت المقدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے  سراج الحق کاکہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کا معاہدہ کراکے ٹرمپ امریکا میں الیکشن جیتنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا اجلاس بلاکر یہ معاہدہ ختم کرنا چاہیے، متحدہ عرب امارات معاہدے پر نظر ثانی کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسے اکثریت کو اقلیت میں بدلنےکی کوشش فلسطین میں ہوئی وہ سب کچھ مقبوضہ کشمیر میں بھی کیا جارہاہے، قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی اسرائیل کو ناجائز ریاست کہا تھا اور ہمیشہ اہل فلسطین کا ساتھ دیا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مسجد اقصی حضور نبی کریم ﷺ کا مقام امامت انبیاء و معراج ہے، اس کی حفاظت امت مسلمہ کا فرض ہے، مسجد اقصٰی مسلمانوں کا قبلہ اول اور حضور نبی کریم ﷺ کی امانت بھی ہے، اس سے پیچھے ہٹنا خیانت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مرنا جینا اہل فلسطین کے ساتھ ہے، پورا پاکستان کشمیر اور فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہا ہے اور ان کی جدوجہد میں ساتھ کھڑا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان باہمی تعلقات قائم کرنے کے لیے امن معاہدہ طے پایا ہے۔

معاہدے کے تحت اسرائیل مزید فلسطینی علاقے ضم نہیں کرے گا، دو طرفہ تعلقات کے لیے دونوں ممالک مل کر روڈ میپ بنائیں گے۔

معاہدے کے مطابق امریکا اور متحدہ عرب امارات، اسرائیل سے دیگر مسلم ممالک سے بھی تعلقات قائم کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے، اسرائیل سے امن کرنے والے ممالک کے مسلمان مقبوضہ بیت المقدس آ کر مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھ سکیں گے۔ امارات اور اسرائیل امن معاہدے کی اسلامی ممالک نے شدید مذمت کی ہے۔

مزید خبریں :