Time 17 اگست ، 2020
پاکستان

لاہور میں اے اور او لیول کے طلبہ کا نتائج کیخلاف احتجاج جاری

لاہور میں اے اور او لیول کے طلبہ نتائج کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔

اے لیول اور اولیول کے طلبہ  و طالبات نے بینرز اور پوسٹرز اٹھاکر لاہور کے فیصل چوک پر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے امتحانی نتائج پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔

اس موقع پر احتجاجی طلبہ کا کہناتھاکہ کورونا کی وجہ سے پالیسیاں تبدیل کی گئیں لیکن اس سے میرٹ پر آنے والے طلبہ کا حق مارا گیا لہٰذا ہمارا مطالبہ ہےکہ مستقبل محفوظ بنایا جائے۔

احتجاج کے دوران مال روڈ پر ٹریفک بلاک ہوگیا اور آنے جانے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ 

طلبہ و طالبات کا کہنا تھا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔

دوسری جانب کراچی میں  آل سندھ پرائیوٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی۔ 

ایسوسی ایشن کے رہنما حیدر علی کا کہنا تھا کہ  کیمرج یونیورسٹی نے اے اور او لیول کےنتائج کا اعلان کردیاہے جس کے بعد ملک میں ہزاروں طلبہ میں مایوسی پھیل گئی ہے اور 40 فیصد ڈاؤن گریڈنگ کے ذریعے کم گریڈ دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کو اپیل کرنے کے حق سے بھی محروم کردیا گیا ہے جب کہ کیمبرج امتحانات کی مانیٹرنگ اورکوآرڈینیشن کےلیے کوئی بھی ادارہ ذمہ دار نہیں لہٰذا حکومت فوری طورپر کیمبرج یونیورسٹی سے نتائج پر نظرثانی کا مطالبہ کرے اور مقامی جامعات میں داخلے کی مطلوبہ شرائط میں بھی نرمی کروائی جائے۔

خیال رہے کہ طلبہ کے احتجاج کے باوجود پاکستان میں اے لیول کے نتائج کا معاملہ جوں کا توں ہی ہے اور حکومتی سطح پر کوئی اعلان یا پالیسی بیان نہیں جاری کیا گیا۔

اُدھر اے اور او لیول کے نتائج پربرطانیہ میں بھی احتجاج جاری ہے جس کے باعث سینیئر حکومتی وزراء نے وزیراعظم بورس جانسن کو معاملے میں مداخلت کرنے پر زور دیا ہے۔

اے لیول کے طلبہ کا مؤقف ہے ان کی کم گریڈنگ کی گئی جس سے ان کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں کیمبرج کے امتحانات نہیں ہو سکے ہیں جس پر کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے امتحانات کے بغیر براہ راست گریڈنگ کرتے ہوئے اے اور او لیول کے نتائج جاری کیے ہیں جس پر پاکستان ہی نہیں دنیا بھر کے طلبہ سراپا احتجاج ہیں۔

مزید خبریں :