Time 18 اگست ، 2020
کھیل

چاچا شکاگو کا ایم ایس دھونی کی ریٹائرمنٹ کے بعد کرکٹ نہ دیکھنے کا اعلان

فوٹو: بشکریہ جیو نیوز

پاکستانی نژاد محمد بشیر بوزئی المعروف چاچا شکاگو نے سابق بھارتی کپتان ایم ایس دھونی کی ریٹائر منٹ کے بعد کرکٹ نہ دیکھنے کا اعلان کردیا۔

‏65 سالہ بشیر بوزئی المعروف چاچا شکاگو کراچی میں پیدا ہوئے لیکن وہ کئی دہائیوں سے شکاگو میں رہائش پزیر ہیں۔

چاچا شکاگو کرکٹ فین تو ہیں ہی لیکن سب سے زیادہ فین ایم ایس دھونی کے ہیں، ایم ایس دھونی کے فین ہونے کے ناطے پاکستان انڈیا میچ کے دوران انہیں سخت تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

چاچا شکاگو ایم ایس دھونی کے میچز دیکھنے کے لیے انڈیا، انگلینڈ اور بنگلا دیش جاتے رہے ہیں، دھونی کو بھی اپنے غیر معمولی مداح کا اندازہ تھا اس لیے دھونی نہ صرف ان کے ساتھ تصاویر بنواتے بلکہ ٹیم مینیجر کے ذریعے انہیں ٹکٹس بھجوایا کرتے تھے۔ 

2011 میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے پاک بھارت موہالی سیمی فائنل کے موقع پر چاچا شکاگو کی پہلی مرتبہ دھونی سے ملاقات بھی ہوئی اور دھونی نے انہیں میچ کا ٹکٹ بھی بھجوایا۔

اسی طرح 2014 آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ڈھاکا میں بھی دھونی نے ٹیم مینیجر کو ٹکٹ دے کر میر پور کے ہوٹل میں چاچا شکاگو کو بھجوایا۔

چاچا شکاگو ٹریننگ سے واپسی پر دھونی کے لیے نعرے لگاتے اور دھونی رک کر جواب بھی دیتے اور موقع ملنے پر تصویر بھی بنواتے تھے۔

اب ایم ایس دھونی کے ریٹائر ہونے پر چاچا شکاگو افسردہ ہیں اور کہتے ہیں کہ اب وہ کرکٹ نہیں دیکھیں گے، اس میں رونق نہیں رہی۔

ان کا کہناہے کہ میری اب خواہش یہی ہے کہ میں رانچی انہیں ملنے کے لیے ایک مرتبہ ضرور جاؤں اور انہیں سیلوٹ پیش کروں۔

مزید خبریں :