Time 18 اگست ، 2020
کھیل

پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی، اظہر محمود انگلش کرکٹرز کو بولنگ کے گُر سکھائیں گے

اظہر محمود مانچسٹر میں 28 اگست سے شروع ہونیوالی تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کیلئے انگلینڈ کے کوچنگ اسٹاف میں شامل ہوں گے— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بولنگ کوچ اور سابق پاکستانی آل راؤنڈر اظہر محمود نے انگلش کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سیٹ اپ میں شمولیت اختیار کرلی ہے، ان کا پہلا اسائنمنٹ انگلینڈ کی پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز ہے۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق اظہر محمود مانچسٹر میں 28 اگست سے شروع ہونیوالی تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کیلئے انگلینڈ کے کوچنگ اسٹاف میں شامل ہوں گے، وہ سیریز کے دوران بولنگ کوچ جون لوئیس کی معاونت کریں گے۔

ای سی بی کے مطابق ان کی تقرری فی الحال پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے ہے، مستقبل کیلئے بعد کی سیریز کے وقت فیصلہ کیا جائے گا۔

143 ون ڈے اور 21 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اظہر محمود 2016 سے 2019 تک پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں۔

دوسری جانب انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے تین میچز کی سیریز کیلئے 14 رکنی اسکواڈ کا اعلان بھی کردیا ہے۔

انگلش اسکواڈ میں اوئن مورگن (کپتان)، معین علی، جوناتھن بیئراسٹو، ٹام بینٹن، سیم بلنگز ، جو ڈینلی، ٹام کرن، لوئیس گریگوری، کرس جارڈن، ثاقب محمود ، ڈیوڈ ملان، عادل رشید، جیسن روئے اور ڈیود ولی شامل ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 28 اگست، دوسرا 30 اگست اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی یکم ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :