18 اگست ، 2020
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے بعد افریقی عرب ملک سوڈان نے بھی اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کا ارادہ ظاہرکردیا۔
ترجمان سوڈانی وزارت خارجہ حیدر بداوی صدیق نے خرطوم میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم اسرائیل سے امن معاہدہ کرنے کے خواہش مند ہیں، یہ تعلقات سوڈان کے مفاد میں قائم کیے جائیں گے۔
ترجمان سوڈانی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے حکام کے درمیان رابطے سے انکار نہیں ہے، امن معاہدہ رواں برس یا اگلے برس کے اوائل تک ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے لیے اسرائیل سے عداوت جاری رکھنے کی کوئی وجہ نہیں، معاہدے سے اسرائیل اور سوڈان دونوں مستفید ہوں گے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان باہمی تعلقات قائم کرنے کے لیےامن معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت اسرائیل مزید فلسطینی علاقے ضم نہیں کرے گا اور دو طرفہ تعلقات کے لیے دونوں ممالک مل کر روڈ میپ بنائیں گے۔
معاہدے کے مطابق امریکا اور متحدہ عرب امارات، اسرائیل سے دیگر مسلم ممالک سے بھی تعلقات قائم کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے، اسرائیل سے امن کرنے والے ممالک کے مسلمان مقبوضہ بیت المقدس آ کر مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھ سکیں گے۔