21 اگست ، 2020
محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے محرم الحرام کے لیے ضابطہ کار جاری کر دیے۔
ضابطہ کار کا نوٹیفکیشن سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرنے جاری کیا جس کے مطابق مجالس اور جلوسوں میں کورونا ضابطہ کار پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مجالس کی جگہ پر ہاتھ دھونے کا انتظام، سینیٹائزر، ٹشو، کوڑے دان رکھنا لازم ہے جب کہ مجالس، جلوس اور دیگر سرگرمیوں کے دوران شرکاء اپنے پاس سینیٹائزر رکھیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق محرم الحرام کے جلوس، ریلیوں میں تمام شرکاء اور عزاداروں کا ماسک پہننا لازمی ہے، مجالس میں صرف ان ذاکرین کو بیان کی اجازت ہو گی جن کا کورونا ٹیسٹ منفی ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تنگ اور بند ہال، عمارتوں کی بجائے کھلی جگہ پر مجالس کا اہتمام کیا جائے گا اور مجالس کا دورانیہ ایک گھنٹے تک محدود رکھا جائے۔
دوسری جانب سندھ بھر میں یکم سے 10محرم الحرام تک اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یکم سے 10محرم الحرام تک اسلحہ لیکر چلنے کے تمام پرمٹ منسوخ کردیے گئے ہیں جب کہ 9 اور 10محرم الحرام کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔
اس کے علاوہ ہوائی فائرنگ اور بغیر اجازت نئے جلسوں اور مجالس پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں کمی ہوئی ہے لیکن وزیراعظم اور ماہرین کی جانب سے محرم الحرام میں کیسز بڑھنے کے خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔
ملک میں کورونا کے باعث اب تک 6229 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 91 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔