22 اگست ، 2020
پشاور میں گلبہار اسٹیشن کے قریب بی آر ٹی بس اچانک خراب ہو گئی جس سے مسافروں کو اتر کر دوسرے اسٹیشن تک پیدل جانا پڑا۔
گلبہار اسٹیشن کے قریب چمکنی سے حیات آباد جانے والی بی ار ٹی بس کوریڈور پر خراب ہو گئی جس بسوں کی قطار لگ گئی اور مسافروں کو بس سے اتر کر دوسرے اسٹیشن تک پیدل جانا پڑا۔
ٹرانس پشاور کے کمیونیکشن آفیسر عالمگیر بنگش کے مطابق گلبہار اسٹیشن کے قریب بی آر ٹی بس رکی ہوئی ہے اور بس ایسی پوزیشن پر کھڑی ہے کہ دونوں اطراف کی سروس رک گئی ہے۔
عالمگیر بنگش کا کہنا ہے کہ ڈپو کی ورکشاپ میں بی آر ٹی بس میں فالٹ چیک کیا جائے گا اور پھر اسے ٹھیک کر کے دوبارہ چلایا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ایک بی آر ٹی بس افتتاح کے دوسرے ہی روز خراب ہو گئی تھی جس کی ویڈیو مسافروں نے سوشل میڈیا پر بھی وائرل کی تھی۔