22 اگست ، 2020
کراچی میں بارش کے بعد ایک بار پھر نالے اُبل گئے جس سے پانی شہریوں کے گھروں میں داخل ہوگیا۔
کراچی میں حالیہ مون سون کے اسپیل میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے بعد ندی نالے ابل پڑے، سرجانی ٹاؤن، یوسف گوٹھ اور بلدیہ ٹاون سمیت مضافاتی علاقوں میں بارش اور سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
نارتھ کراچی میں گھروں میں پانی داخل ہونے سے قیمتی اشیاء ضائع ہو گئیں جب کہ سرجانی ٹاؤن یوسف گوٹھ میں کشتیوں کی مدد سے متاثرین کو ریسکیو کیا گیا۔
ناگن چورنگی، نیوکراچی، سرجانی ٹاؤن میں تاحال بارش کا پانی جمع ہے، فیڈرل بی ایریا کے مختلف علاقوں سے بارش کا پانی نہیں نکالا جاسکا۔
لنڈی کوتل سے طاہر ولا اور عائشہ منزل تک پانی ہی پانی ہے جب کہ ملیر میمن گوٹھ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو نوجوان جان سے گئے۔