Time 25 اگست ، 2020
پاکستان

کمشنر کراچی افتخار شلوانی کا تبادلہ کردیا گیا

کمشنر کراچی افتخار شلوانی کا تبادلہ ڈاکٹر سہیل راجپوت کو کراچی ڈویژن کا نیا کمشنر تعینات کر دیا گیا۔

محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری حکمنامے کے مطابق افتخار شلوانی کو سیکرٹری بلدیات اور ٹاؤن پلاننگ تعینات کیا گیا ہے۔ 

ایک اور نوٹیفیکیشن کے مطابق وفاقی حکومت سے خدمات سندھ حکومت کو سپرد ہونے کے بعد صوبائی حکومت نے پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس سے تعلق رکھنے والے گریڈ 21 کے افسر ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کو کمشنر کراچی تعینات کیا ہے۔ 

محمد سہیل راجپوت اس سے قبل وفاقی وزارت خزانہ میں ایڈیشنل سیکرٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ 

ڈاکٹر سہیل راجپوت سینیئر سرکاری افسر ہیں، انہوں نے 1991 میں سول سروس جوائن کی، ان کا تعلق سول سروس کے 21 ویں کامن گروپ سے ہے۔ 

سہیل راجپوت اس سے قبل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ سندھ، سیکرٹری خزانہ سندھ، کمشنر حیدرآباد ڈویژن سمیت وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔ 

2018 میں ان کی خدمات وفاقی حکومت کے سپرد کی گئی تھیں جہاں محمد سہیل راجپوت کو وفاقی وزارت خزانہ میں ایڈیشنل سیکرٹری تعینات کیا گیا تھا اور 18 اگست کو محمد سہیل راجپوت کی خدمات سندھ حکومت کے سپرد کی گئیں تھیں۔

مزید خبریں :