Time 25 اگست ، 2020
پاکستان

خیبر پختونخوا میں تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا اعلامیہ جاری

فوٹو: فائل 

پشاور: صوبائی ڈائریکٹوریٹ آف ابتدائی و ثانوی تعلیم کی جانب سے تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اسکولوں کو کورونا ایس او پیز کے تحت کھولا جائے گا جب کہ اسکولوں میں ہاتھ دھونے کے لیے صابن کی فراہمی لازمی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ اسکولوں میں جراثیم کش مواد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ 

صوبائی ڈائریکٹوریٹ آف ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا محمد ابراہیم نے جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق ایس او پیز کے تحت اسکول 15 ستمبر سے کھولے جائیں گے۔

محمد ابراہیم کا کہنا تھا کہ تمام اسکولوں کے اسٹاف کو کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کی تربیت دی گئی ہے جب کہ اسکولوں میں سینیٹائزر اور ماسک کے استعمال کو لازمی بنایا جائے گا۔

خیال رہے کہ ملک میں کوروناوائرس کے باعث تعلیمی ادارے کئی ماہ سے بند ہیں تاہم کورونا کی صورتحال میں بہتری آنے کے بعد حکومت نے ملک بھر کے تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا اعلان کیا ہے البتہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ 7 ستمبر کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

مزید خبریں :