نواز شریف کو فوراً وطن واپس لانا چاہیے، تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو فوراً وطن واپس لانا چاہیے، نواز شریف کو واپس لانے کے لیے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں  وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کا بینہ نے نواز شریف کو واپس لانے کی منظوری دےدی ، اجلاس میں اتفاق کیا گیاکہ نواز شریف واپس آکر مقدمات کا سامنا کریں۔ 

کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کسی بھی قسم کی کوئی بلیک میلنگ برداشت نہیں کریں گے، نواز شریف کو واپس لانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو فوراً وطن واپس لانا چاہیے، نواز شریف کو واپس لانے کیلئے تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے۔ 

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر 2019 سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں۔

گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن کی اسٹریٹس پر بیٹے کے ساتھ چہل قدمی کی نئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس پر حکومت کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے۔

اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ نواز شریف بیماری کا بہانہ بناکر چلے گئے، انہیں واپس لانا ضروری ہوگیا۔

جب کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس سے متعلق بھی بعض حکومتی وزرا نے شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے تاہم وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس میں جعل سازی کی تردید کی ہے۔

مزید خبریں :