Time 26 اگست ، 2020
پاکستان

نارووال اسپورٹس سٹی کیس: ریفرنس دائر ہونے تک احسن اقبال کو مرضی سے پیش ہونے کی اجازت

اسلام آباد: احتساب عدالت نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں احسن اقبال سمیت دیگر ملزمان کو ریفرنس دائر ہونے تک مرضی سے پیش ہونے کی اجازت دیدی۔

احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں ہوئی۔

رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے تاہم نیب کی جانب سے آج بھی احسن اقبال کے خلاف ریفرنس دائر نہ کیا جا سکا۔

وکیل صفائی نے کہا کہ احسن اقبال کو نیب نے گرفتار کیا لیکن تاحال ریفرنس دائر نہ کرسکا، احسن اقبال کا جسمانی ریمانڈ بھی لیا گیا، جیل بھجوایا گیا مگر ریفرنس دائر نہ ہوا۔

احسن اقبال کے وکیل نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب کیس میں اب تک ریفرنس دائر نہ کرنے کی وضاحت نہیں کر سکے، نیب لوگوں کو گرفتار کر رہا ہے، ان پر ایک تلوار لٹکی ہوئی ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ریفرنس کا ڈرافٹ منظوری کے لیے نیب ہیڈ کوارٹرز کو بھجوا دیا گیا ہے۔

جج احتساب عدالت محمد بشیر نے ریمارکس دیے کہ آج تو وکیل صفائی نے نیب کی بہت کلاس لے لی، نیب بتائے کب تک ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ جیسے ہی ہیڈ کوارٹرز سے منظوری ہو گی، عدالت کو آگاہ کر دیں گے۔

احتساب عدالت نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت 22 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے احسن اقبال سمیت دیگر ملزمان کو ریفرنس دائر ہونے تک اپنی مرضی سے پیش ہونے کی اجازت دیدی۔

مزید خبریں :