پاکستان
Time 13 جنوری ، 2020

نارووال اسپورٹس کمپلیکس کیس: احسن اقبال کی وزیراعظم کو شامل تفتیش کرنیکی درخواست

یہ پاکستان کی تاریخ میں ایک لطیفہ ہوگا کہ کھیلوں کا منصوبہ بنانا جرم ہے،احسن اقبال،فوٹو:فائل

نارووال اسپورٹس سٹی پراجیکٹ میں اختیارات کے غلط استعمال کے کیس میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان کو بھی شامل تفتیش کرنے کی تحریری درخواست دائرکردی۔

سابق وفاقی وزیر اور ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کو احتساب عدالت کے جج اعظم خان کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) پراسیکیوٹر نے عدالت سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی نہیں کروائی گئی۔

نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ  18ویں ترمیم کے بعد صوبائی منصوبے پر وفاقی حکومت کا اختیار نہیں تھا ،احسن اقبال وفاقی حکومت کا خزانہ لٹا کر کرپٹ پریکٹس کے مرتکب ہوئے۔ 

احسن اقبال کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے مخالفت میں دلائل میں کہا اگر منصوبے کے پیسے کسی کی جیب میں گئے ہوتے تو جرم بنتا۔ 

اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ نیب نے پہلے 7 دن کا ریمانڈ لے کر صرف ایک دن پوچھ گچھ کی، میں تو نیب کی وجہ سے آرمی ایکٹ ترمیمی بل میں ووٹنگ کے ثواب دارین سے بھی محروم رہا۔

انہوں نے احتساب عدالت میں عمران خان کو شامل تفتیش کرنے کی تحریری درخواست دائرکردی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیاکہ عمران خان حکومت کے پراجیکٹ پرکام روکنے سے منصوبے کی لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے احسن اقبال کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس درخواست کے لیے یہ متعلقہ فورم نہیں،نیب کے پاس احسن اقبال نے کوئی شکایت درج نہیں کرائی ہے۔

احسن اقبال کے جسمانی ریمانڈ میں 7 دن کی توسیع 

احتساب عدالت نے  احسن اقبال کو 20 جنوری کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے احسن اقبال کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 دن کی توسیع کردی۔

سماعت کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں ایک لطیفہ ہوگا کہ کھیلوں کا منصوبہ بنانا جرم ہے، میں نے کوئی نائٹ کلب یا کیسینو نہیں بنایا، ایک اسپورٹس منصوبہ بنایا جسے جرم بنا دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اس منصوبے کی فنڈنگ روک کر اسے کھنڈر بنایا ہے، جو کام 40 کروڑ میں مکمل ہونا تھا اب اس پر اربوں لگیں گے، پاکستان کے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولت سے محروم کردیا گیا، اس لیے عمران خان کو شامل تفتیش کرنے کی درخواست دی ہے۔

خیال رہے کہ نیب نے 23 دسمبر 2019 کو احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر میں مبینہ بدعنوانی کے الزامات پر گرفتار کیا تھا۔

احسن اقبال پر الزامات

جیو نیوز کو ملنے والی نیب دستاویز میں کہا گیا ہے کہ نارووال اسپورٹس کمپلیکس سٹی منصوبے کی لاگت 34.410 ملین روپے سے بڑھا کر 97.520 ملین کی گئی اور لاگت بڑھانے کی کسی مجاز اتھارٹی یا فورم سے منظوری نہیں لی گئی۔

دستاویزمیں بتایا گیا ہے کہ منصوبہ ریکارڈ کے ساتھ 15 مارچ 2012 کو پنجاب حکومت کے حوالے کیا گیا، پنجاب اسپورٹس بورڈ کو منصوبے کی حوالگی کے باوجود احسن اقبال نے اس پر وفاقی حکومت کے فنڈزخرچ کیے۔

رہنما مسلم لیگ ن پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے بدنیتی سے منصوبے کا دائرہ کار بڑھایا جس کا کوئی مطالبہ بھی نہیں کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :