30 اگست ، 2020
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ کے ایف بی آر کو دیے گئے جواب کی کاپی جیو نیوز نے حاصل کر لی ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ سرینا عیسیٰ نے ایف بی آر کو اپنے مفصل جواب میں کہا کہ ایف بی آر نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میرا ٹیکس ریکارڈ سویلین شہریوں کو فراہم کیا۔
سرینا عیسیٰ نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں وزیراعظم عمران خان، وزیر قانون فروغ نسیم، مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر، سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان، وحید ڈوگر، اشفاق احمد کا ٹیکس ریکارڈ دیا جائے۔
انہوں نے ایف بی آر کو اپنے جواب میں یہ بھی کہا کہ ان افراد کے خاندان کے ذرائع آمدن، انکم ٹیکس اور ٹیکس ریٹرن سمیت بیرون ممالک بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔
خیال رہے کہ ایف بی آر کی جانب سے سرینا عیسیٰ کے ٹیکس ریٹرن پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا تھا جب کہ سرینا عیسیٰ نے بھی ایف بی آر کی ٹیم پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ایف بی آر کی ٹیم میرے گوشواروں میں تبدیلی کر سکتی ہے۔