دنیا
Time 31 اگست ، 2020

بھارت کورونا وائرس کا مرکز بن گیا، ایک دن میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ

فائل فوٹو

چین سے شروع ہونے والا کورونا وائرس بھارت میں بے قابو ہوچکا ہے جہاں ایک روز کے دوران دنیا میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں اتوار کے روز کورونا کے 78 ہزار 761 کیسز رپورٹ ہوئے جو دنیا بھر میں ایک روز میں سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں جب کہ بھارت میں پیر کے روز کورونا سے 971 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ماہرین نے بھارت میں کورونا کے بڑھتے کیسز دیکھتے ہوئے امکان ظاہر کیا ہےکہ بھارت جلد ہی کورونا کیسز میں برازیل اور امریکا کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا۔

بھارت میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 36 لاکھ 21 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور ہلاکتیں 64 ہزار سے زیادہ ہیں جب کہ 27 لاکھ 74 ہزار سے زائد مریضوں کے صحتیاب ہونے سے زیر علاج مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 82 ہزار ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں ریاست مہاراشٹرا بری طرح متاثر ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ 19 لاکھ 38 ہزار ہے جس کے بعد تامل ناڈو، آندھرا پردیش، کرناٹکا، اتر پردیش، دہلی، مغربی بنگال اور بہار میں کورونا کے مریضوں کی تعداد زیادہ ہے۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ ملک میں 16 روز کے دوران کورونا کے کیسز کی تعداد 20 سے 30 لاکھ ہوئی۔

مزید خبریں :