20 جولائی ، 2020
بھارت میں ایک روز کے دوران کورونا کے مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ نوٹ کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 40 ہزار 425 مریض رپورٹ ہوئے جو کہ ایک روز میں کورونا سے متاثرہ افراد کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں کورونا کے متاثرین کی تعداد11 لاکھ 18 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ ایک روز میں ریکارڈ 681 اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 27 ہزار 500 کے قریب پہنچ گئی ہے۔
برازیل میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 23 ہزار529 سامنے آئے جب کہ چین میں بھی کورونا وائرس کے مزید 22 کیسز سامنے آئے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مسلسل چھٹے روز 60 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
امریکا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 38 لاکھ 98 ہزار 550 جب کہ اموات کی تعداد 1 لاکھ 43 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
میکسیکو میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 39 ہزار جب کہ پریو میں 13 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 46 لاکھ 55 ہزار سے زائد جب کہ اموات کی تعداد 6 لاکھ 9 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔