ڈاکٹر ماہا خودکشی کیس: ملزم عرفان قریشی ضمانت پر رہا

فوٹو: فائل 

کراچی: عدالت نے ڈاکٹر ماہا کی خودکشی کے کیس میں نامزد ملزم عرفان قریشی کو ضمانت پر رہا کردیا۔

سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے ڈاکٹر ماہا خودکشی کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں پولیس نے ملزم عرفان قریشی کو عدالت میں پیش کیا۔

 تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ کیس میں نامزد دیگر 2 ملزمان وقاص اور جنید مفرور ہیں۔

ملزم عرفان قریشی نے عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کی درخواست منظور کرلی۔

عدالت نے عرفان قریشی کو 5 لاکھ روپے زر ضمانت کے عوض رہائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کو کیس سے بری نہیں کیا جارہا ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ پولیس مکمل تحقیقات کے بعد کیس کا چالان پیش کرے گی۔

دوسری جانب مقدمے میں نامزد 2 ملزمان جنید اور وقاص نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی۔

عدالت نے 50،50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ملزمان کی عبوری ضمانت منظور کی اور پولیس کو 5 ستمبر تک ملزمان کی گرفتاری سے روک دیا۔

عدالت نے ملزمان کو پولیس کے ساتھ تفتیش میں شامل ہونے کا بھی حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ڈیفنس میں خاتون ڈاکٹر ماہا علی نے گولی مار کر خودکشی کرلی تھی۔

ڈاکٹر ماہا کے والد نے ملزمان کے خلاف ہراساں کرنے اور بلیک میلنگ کا مقدمہ درج کرایا ہے۔

مزید خبریں :