دنیا
Time 01 ستمبر ، 2020

چین، روس، برطانیہ، فرانس اور دیگر یورپی ممالک میں اسکولز کھول دیے گئے

چین، روس، برطانیہ، فرانس اور دیگر یورپی ممالک میں کورونا کی وجہ سے کئی ماہ سے بند  اسکولز کھول دیے گئے۔

ہاتھ دھونے، ماسک لگانے اور فاصلے سے بیٹھنے کی لازمی ہدایات کے ساتھ بچوں نے کئی ماہ بعد اسکول میں پہلا دن گزارا، امریکی شہر نیویارک میں اسکول 21 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پاکستان میں 7 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

کورونا وائرس کا مرکز سمجھے جانے والے چین کے شہر ووہان میں بھی اسکولوں سمیت تمام تعلیمی ادارے کھل گئے۔

گزشتہ سال دسمبر میں ووہان میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد سخت لاک ڈاؤن کیا گیا تھا تاہم اپریل میں کیسز میں کمی کے باعث لاک ڈاؤن میں نرمی کردی گئی تھی۔

ووہان میں تمام کورونا مریضوں کی صحت یابی کے بعد زندگی معمول پر آنا شروع ہوگئی تھی اور کئی تقریبات بھی منعقد کی گئیں تھیں تاہم اب شہر کے تمام اسکول و دیگر تعلیمی ادارے بھی کھول دیے گئے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ووہان یونیورسٹی کو طالب علموں کے لیے پیر کو کھولا گیا تھا جس کے بعد آج شہر میں تمام 2842 نرسری، پرائمری اور سیکنڈری اسکولز کھول دیے گئے ہیں جہاں 10 لاکھ سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔

اسکول آنے والے طلبہ کا درجہ حرارت چیک کیا گیا اور ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا جب کہ سینیٹائزر، ماسک اور دیگر جراثیم کش اشیاء ہر کلاس میں موجود ہوں گی۔ اس کے علاوہ کلاسوں میں بھی روز جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا۔

طلبہ کو  پبلک بس اور ٹرین سے سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ ووہان شہر میں فی الحال کورونا کا کوئی مصدقہ کیس نہیں ہے۔

دوسری جانب ملائیشیا نے بھارت، انڈونیشیا اور فلپائن سے آنے والے افراد کے ملک میں داخلے پر پابندی لگادی ہے۔

ملائیشین میڈیا کے مطابق ان ممالک سے آنے والے افراد 7 ستمبر سے ملائیشیا میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں رواں سال مارچ سے تعلیمی ادارے بند ہیں جب کہ حکومت کی جانب سے 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔

مزید خبریں :