Time 02 ستمبر ، 2020
کھیل

’بابر اعظم بیٹنگ کی طرح کامیاب ترین کپتان ثابت ہوں گے‘

دنیائے کرکٹ میں اس وقت پاکستان ٹی ٹوئنٹی کپتان بابر اعظم کے چرچے ہیں، ہر کوئی ان کے بیٹنگ اسٹائل اور کارکردگی میں تسلسل کی تعریف کر رہا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے بعد بھی بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی پلئیرز رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن کو برقرار رکھا ہے، بابر اعظم تینوں فارمیٹ کے ٹاپ فائیو بیٹسمینوں میں شامل ہیں۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ بابر بہت جلد کپتان بنے ہیں، وہ اس وقت ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے نوجوان ترین کپتان ہیں، وہ دن بدن سیکھ رہے ہیں، کوئی بھی کرکٹر ہو اس کو چیزیں سیکھنا پڑتی ہیں اور یہی کچھ بابر اعظم کر رہے ہیں۔

ندیم خان نے کہا کہ مجھے امید ہے ایک دن بابر اعظم بیٹنگ کی طرح کپتانی میں بھی کامیاب ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کا کھیل پر کنٹرول بڑھتا جا رہا ہے اور بہتر ہو رہا ہے اسی لیے میں کہتا کہ وہ کامیاب ترین کپتان بنیں گے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ محمد حفیظ نے اپنی فارم اور فٹنس ثابت کی ہے، میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ کھلاڑی جس عمر میں بھی ہو اگر اس کی فارم اور فٹنس ہے تو پھر کھیلنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات اپنی جگہ درست ہے کہ اس عمر میں کوئی بھی کھلاڑی ہو اس کی سکروٹنی ہر میچ میں جاری رہتی ہے۔

‏ندیم خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے کام جاری ہے، اب اگر اس سیریز کی بات کریں تو پاکستان ٹیم نے کووڈ 19 کی صورتحال میں رہتے ہوئے سب کو متاثر کیا ہے، خاص طور پر فیلڈنگ اور فٹنس کی سب نے تعریف کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کھیل سے اتنا عرصہ دور رہنے کے باوجود کھلاڑی اچھی شیپ میں دکھائی دیے، سیریز کے دوران ماہرین کرکٹ نے پاکستان ٹیم کی بہت تعریف کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالات کی وجہ سے بائیو سیکیور ماحول تھا اور کاونٹی میچز نہیں تھے جس کی وجہ سے آپس میں میچز کھیلنا پڑے لیکن سیریز میں جس کسی کو بھی موقع ملا اس نے اچھا کھیل پیش کیا اور متاثر کیا۔

مزید خبریں :