02 ستمبر ، 2020
کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران فریقین نےدلائل مکمل کرلیے جس پر عدالت نے ملزمان کے خلاف فیصلہ محفوظ کرلیا۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کا فیصلہ 17 ستمبرکو سنایا جائے گا۔
یاد رہے کہ فروری2017 میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رؤف صدیقی، رحمان بھولا، زبیر چریا اور دیگرپر فردجرم عائدکی گئی تھی۔
کیس میں ملزمان کے خلاف 400 عینی شاہدین اور دیگر نے بیانات ریکارڈ کرائے جب کہ کیس کی پیروی رینجرز پراسیکیوشن نے کی۔
خیال رہے کہ بلدیہ کی ٹیکسٹائل فیکڑی میں ستمبر 2012 میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 250 سے زائد افراد زندہ جل گئے تھے۔
دسمبر 2016 میں بلدیہ فیکٹری کیس میں ملوث ایک ملزم رحمان عرف بھولا کو انٹرپول کی مدد سے بینکاک سے گرفتار کرکے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔
عبدالرحمان بھولا نے اپنے بیان میں اعتراف کیا تھا کہ اس نے حماد صدیقی کے کہنے پر ہی بلدیہ فیکٹری میں آگ لگائی تھی۔
بعدازاں 27 اکتوبر 2017 کو سانحہ بلدیہ فیکٹری کا مرکزی ملزم حماد صدیقی دبئی سے گرفتار کیا گیا تھا۔