Time 03 ستمبر ، 2020
دنیا

فلسطین کاز پر سعودی حکومت کا مؤقف تبدیل نہیں ہوگا: سعودی وزیر خارجہ

فائل فوٹو

ریاض: سعودی عرب کا کہنا ہےکہ فلسطین کاز پر سعودی حکومت کا مؤقف تبدیل نہیں ہوگا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزاد فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے کے بعد بھی سعودی حکومت کا فلسطین کاز پر مؤقف تبدیل نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے درخواست کے بعد متبادل فلائٹ پالیسی کو اپنایا گیا۔

سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب جانے کے لیے پروازوں کو سعودی فضائی حدود کی اجازت دینے سے سعودیہ کی فلسطین اور فلسطینی عوام کے لیے مضبوط پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی حکومت عرب امن منصوبے کے تحت دیرپا امن کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں اور کامیابیوں کو سراہتی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان باہمی تعلقات قائم کرنے کے لیےامن معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت اسرائیل مزید فلسطینی علاقے ضم نہیں کرے گا اور دو طرفہ تعلقات کے لیے دونوں ممالک مل کر روڈ میپ بنائیں گے۔

گزشتہ روز اسرائیل سے پہلی کمرشل پرواز سعودی عرب کی خصوصی اجازت کے بعد سعودی حدود سے ہوتے ہوئے امریکی اور اسرائیلی وفود کو لے کر ابوظبی پہنچی تھی اور یہ تاریخ میں پہلا موقع تھا کہ کسی اسرائیلی طیارے نے باقاعدہ طور پر سعودی فضائی حدود کا استعمال کیا۔

اس سے قبل سعودی عرب نے 2018 میں بھارت کی ائیر لائن کو اسرائیل جانے کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی تھی۔

مزید خبریں :