پاکستان
Time 05 ستمبر ، 2020

نواز شریف 10 ستمبر تک نہ آئے تو ’ش لیگ‘ ن لیگ سے الگ ہوجائے گی، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف 10 ستمبر تک آجائیں گے تو ان کی سیاست میں بہتری آ سکتی ہے ورنہ ش لیگ ن لیگ سے الگ ہوجائے گی۔

اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ استعفے نہیں دیں گی، اپوزیشن دھرنوں کی سیاست نہیں کر سکتی ، جلسہ، جلوس کھیل سکتی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ خطرات کا سامنا اپوزيشن کو ہے حکومت کو نہیں، مریم نواز مایوس ہوگئيں تو پتھراؤ کروایا، پتھراؤ والی پارٹی ، بات چیت والی پارٹی کے ساتھ نہیں۔

شیخ رشید نے شہباز شریف کو نواز شریف کا سہولت کار بھی قرار دے دیا اور کہا کہ نوازشریف 10 ستمبر تک نہ آئے تو ن لیگ میں سے ش لیگ الگ ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جتنا مرضی چھپا لیں پتھراؤ  والی پارٹی مذاکرات والی پارٹی کے ساتھ چلنے پر تیار نہیں ہے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید کہتے ہیں کہ مریم نواز کی پیشی پر سارے ن لیگی آئے، ش لیگ کا ایک بندہ بھی نہیں آیا، مریم نواز ایک سال تک ویزے کی لاٹری نکلنے کی امید پر خاموش رہیں، باہر جانے کی اجازت نہ ملنے کا یقین ہونے پر مریم نواز نے پتھرائو کرایا۔

شیخ رشید نے کہا کہ اے پی سی ٹائیں ٹائیں فش ہوگئی کیونکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی والے استعفے نہیں دیں گے، دونوں پارٹیاں فضل الرحمان کو کوئی تحریر بھی دینے پر تیار نہیں ہیں کیونکہ وہ مذاکرات کا دروازہ بند کرنا نہیں چاہتیں۔

مزید خبریں :